ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جگدیش شٹر نے سدرامیا پر لگایا لنگایت طبقہ میں پھوٹ ڈالنے کا الزام

جگدیش شٹر نے سدرامیا پر لگایا لنگایت طبقہ میں پھوٹ ڈالنے کا الزام

Tue, 07 Nov 2017 02:58:29    S.O. News Service

بنگلورو۔6؍نومبر(ایس او  نیوز) ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے الزام لگایا ہے کہ لنگایت طبقہ کے مٹھوں کی طرف سے علیحدہ مذہب کا درجہ طلب کرنے کے پیچھے وزیر اعلیٰ سدرامیا کار فرما ہیں۔ آج ہبلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھانے کے مقصد سے سدرامیا نے لنگایت اور ویر شیوا طبقات میں پھوٹ ڈال دی ہے، لیکن ان کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوپائے گی۔

انہوں نے کہاکہ کل ہبلی میں لنگایت طبقے کو الگ مذہب کا درجہ طلب کرنے کیلئے جو جلسۂ عام منعقد ہوا اس میں بعض مٹھوں کے سربراہوں نے من مانے بیانات دئے ہیں۔ مٹھوں کے سربراہوں کی ذمہ داری سماج کی رہنمائی کرنے کی ہے۔ وہی لوگ اگر اپنی زبان کوقابو میں نہ رکھ پائیں تو پھر سماج کدھر جائے گا۔ لنگایت طبقہ کو الگ مذہب کے درجہ کی مانگ کی حمایت میں بی جے پی رکن راجیہ سبھا پربھاکر کورے کے استعفیٰ کے متعلق ریاستی وزیر ایم بی پاٹل کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر شٹر نے کہاکہ سب سے پہلے ایم بی پاٹل اپنے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں ۔

بنگلور میں بی جے پی کی پریورتن یاتراکے ناکام ہوجانے کیلئے کانگریس کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے جگدیش شٹر نے کہاکہ منظم سازش کے تحت حکومت نے پارٹی کارکنوں کو جلسہ گاہ تک پہنچنے سے روکے رکھا ۔ بڑی تعداد میں موٹر بائیک سوار اس ریلی میں شرکت کرنے والے تھے ، لیکن توقع کے مطابق یہ لوگ جمع نہیں ہوپائے، انہوں نے کہاکہ اسی طرح ٹمکور میں بھی ریلی کو ناکام کرنے کی کوشش کی گئی ۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ ٹمکور میں ریلی کامیاب رہی ،جبکہ بی جے پی کے کارکنوں نے ریلی کیلئے تیار کئے گئے رتھ کے شیشے توڑ دئے۔ انہوں نے کہاکہ 13؍ نومبر سے شروع ہونے والے لیجسلیچر اجلاس کے بعد وہ ریاست بھر میں پریورتن یاترا میں شامل ہوں گے اور اس یاترا کے ذریعہ عوام میں بی جے پی کی مقبولیت کو بڑھانے کیلئے جدوجہد کریں گے۔ 


Share: